شدید گرمی،یو اے ای قونصل خانے کی کارکنوں کے تحفظ کے لیے خصوصی ہدایات
دوپہر کے اوقات میں سخت گرمی سے بچاؤ کے لیے ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کام روک دیا جائے گا۔
کراچی: شہر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے نے اپنے کارکنوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔
یو اے ای کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق دوپہر کے اوقات میں سخت گرمی سے بچاؤ کے لیے ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کام روک دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارکنوں کو آرام کے لیے مناسب سایہ دار مقامات، ٹھنڈا اور صاف پینے کا پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ گرمی کی شدت سے ان کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر بخیت عتیق نے اس بات پر زور دیا کہ غیر معمولی موسمی حالات میں کارکنوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کو ترجیح دینا ہر ادارے کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔