بھارت میں تیز رفتار گاڑی نے سکول جانے والے3بچے کچل دیئے
تامل ناڈو میں حادثہ۔ ایک بچہ شدید زخمی
فائل فوٹو
بھارت میں نشے میں دھت ڈرائیور نے اسکول سے گھر جاتے ہوئے 3 بچوں کو کچل دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے گاؤں کاراکوٹائی میں پیش آیا، جہاں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے قریب 4 طالب علم اسکول سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 3 بچے ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بچہ بری طرح زخمی ہوا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی عمریں 12 سال تھیں۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور کی شناخت لوگناتھن کے نام سے ہوئی ہے، جو گاڑی چلاتے وقت مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور بچوں سے جا ٹکرایا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔