امریکا اور ایران معاہدہ ایک دو دن میں ہو جائے گا:خواجہ آصف
علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں
فائل فوٹو
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا تاکہ گفت و شنید کا سلسلہ منقطع نہ ہو، اسرائیل کی کوشش تھی تنازع جاری رہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے امریکا اور ایران کے ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کہا کہ ان شاء اللہ معاہدہ ایک دو دن میں ہو جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستان نے فریقین کو ٹیبل پر بٹھایا تاکہ مذاکرات جاری رہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں اسرائیل نے منفی اور تباہ کن کردار ادا کیا، اور لبنان میں اسرائیل نے بے گناہ بچوں اور شہریوں کو شہید کیا۔ ان کے مطابق اسرائیل کی خواہش تھی کہ تنازع جاری رہے اور امریکا کو خطے میں مصروف رکھا جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے اور عالمی قیادت کے معیار کے مطابق رویہ اختیار کیا۔ایران کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی قدیم تاریخ کے ساتھ بہادری اور وطن سے محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاع کیا، اور دونوں ممالک نے دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔