بدامنی پھیلانے والے عناصرخود کو قانون کے حوالے کریں،آزادکشمیر سپریم کورٹ بار

انہیں عدالتوں میں معاونت فراہم کریں گے۔صدرراجہ آفتاب ایڈووکیٹ

June 13, 2026 · قومی

 

آزادکشمیر سپریم کورٹ بارنے کہا ہے کہ متحارب عناصر سرینڈرکردیں،انہیں قانونی معاونت ملے گی،دوسری طرف عوام نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست نے سیاحت اور مقامی معیشت کو نقصان پہنچایاہے۔

جنرل سیکرٹری آزادکشمیر بارایسوسی ایشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ،صدر آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و امان کو تباہ کرنے، مسلح حملے کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بننے والے عناصر فوری طور پر ہتھیار ڈال دیں اور خود کو قانون کے حوالے کر دیں۔آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن انہیں عدالتوں میں قانونی معاونت فراہم کرے گی۔

راجہ آفتاب احمد نے کہا کہ ریاست کے خلاف لڑنے والے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ غداری کے مترادف سنگین جرم بھی مرتکب ہو رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ایسے عناصرفوری طور پر قانون کے سامنے سر تسلیم خم کر دیں تاکہ ان کے کیسز میں انہیں بھرپور قانونی مدد دی جا سکے۔

ادھر،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پرعوام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی سیاست کو سیاحت اور معیشت کیلئے نقصان دہ قرار دے دیا وادی نیلم اور دیگر سیاحتی علاقوں کے عوام کا کہنا ہے کہ مسلسل ہڑتالوں اور احتجاجی سرگرمیوں سے سیاحت اور مقامی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے۔

ہوٹل، گیسٹ ہائوسز اور سیاحتی کاروبار سے وابستہ افراد نے موقف اختیار کیا کہ غیر یقینی صورتحال کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

مقامی شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔عوام نے پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی ترقی اور استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شہریوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پرامن اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافہ کریں۔مسائل کے حل کے لیے آئینی اور پرامن راستہ اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی مفادات اور سیاحت کا شعبہ مزید متاثر نہ ہو۔