ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی،الرٹ جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور آئندہ بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

June 18, 2026 · ماحولیاتی تغیر

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور آئندہ بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رات کے اوقات میں خیبرپختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پشاور اور گردونواح میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے تاہم مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ اور باجوڑ سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، بجلی کی تنصیبات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس کے باعث شہریوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم شمال مشرقی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم اور بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سبی میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود ہے اور سورج و بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شہر میں آج موسم نسبتاً گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔