اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند
میریٹ اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ رات 12 بجے سے اگلے حکم تک کسی بھی شاہراہ سے اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
میریٹ اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوں گے۔
سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے لے کر ڈھوکری چوک تک ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گی۔کورال سے فیض آباد تک ایکسپریس وے، مری روڈ اور کلب روڈ پر مختلف مقامات پر ڈائیورشنز قائم کی جائیں گی۔سری نگر ہائی وے زیروپوائنٹ سے ڈھوکری چوک تک مکمل بند رہے گی۔
اسلام آباد کے رہائشی مختلف سڑکیں بند ہونے کی صورت میں ذیل متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک 9th ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی۔زیروپوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو استعمال کرتے ہوئے اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ چاندنی چوک سے راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جاسکتے ہیں۔
پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک ترامڑی چوک کی طرف موڑ دی جائے گی ۔بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ،بنی گالہ،لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔
راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہری کرنل شیرخان روڈسے فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو میں سے کوئی بھی شاہراہ استعمال کریں۔
جی ٹی روڈ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج ، چک بیلی روڈ سے روات جی ٹی روڈ استعمال کریں۔
جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک جی ٹی روڈ روات سے چک بیلی روڈسے چکری انٹر چینج استعمال کرتے ہوئے براستہ موٹروے ،ٹیکسلا کی جانب سفر کریں۔