پاکستان کے ساتھ فضائی نقل و حمل کے نئے معاہدے کی سعودی منظوری
ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہوابازی کے شعبے میں وسیع تعاون کی راہ ہموار
سعودی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی نقل و حمل کے معاہدے کی منظوری دےدی ۔
ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہوابازی کے شعبے میں نئے تعاون کی راہ ہموار ہو گئی۔ معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، سعودی عرب کی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ ایئر ٹرانسپورٹ سروسز کے معاہدے کی منظوری دی،اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کی توقع ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ماضی میں بھی ایئر ٹرانسپورٹ سروسز کے شعبے میں معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اگست 2023 میں دونوں ممالک نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنا اور شہریوں کے لیے فضائی کرایوں میں کمی لانا تھا۔
نئے ایئر ٹرانسپورٹ سروسز معاہدے کی منظوری سعودی کابینہ نے جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیر صدارت اجلاس میں دی۔
یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہزاروں پاکستانی ہر سال حج و عمرہ ادائیگی اور کام کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔
سعودی عرب میں بیس لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن رہائش پذیر ہیں اور کام کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بار بار سفر کرتے رہتے ہیں۔