امیرِ قطر کا شہباز شریف سے رابطہ،پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا
اسلام آباد: دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور تعاون پر تفصیلی گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق امیرِ قطر نے وزیراعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا اور پاکستان کی امن کوششوں کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے کردار کی بدولت ممکن ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن سٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور مذاکراتی عمل کو ہر قسم کی رکاوٹ سے محفوظ رکھنے پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران امیرِ قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں آتشزدگی کے واقعے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطر میں مقیم پاکستانی برادری کی میزبانی پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے رواں برس کے آخر میں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔