آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق بین الاقوامی میڈیا رپورٹ مسترد
آزاد کشمیر میں سڑکوں کی بندش اور ضروری اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹوں سے متعلق تاثر زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔حکام
وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق ایک بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مندرجات کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق سے متصادم قرار دیا ہے۔
سرکاری وضاحت کے مطابق رپورٹ میں کیے گئے بعض دعوے قابلِ تصدیق شواہد اور مستند ذرائع سے ثابت نہیں کیے گئے۔ حکام کا مؤقف ہے کہ آزاد کشمیر میں سڑکوں کی بندش اور ضروری اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹوں سے متعلق تاثر زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق علاقے کی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں اور معمول کی نقل و حرکت جاری رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر پیش آنے والے مسائل کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حل کیا اور عوام کی آمدورفت کو یقینی بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خبروں کی اشاعت میں تصدیق شدہ معلومات اور ذمہ دارانہ صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے تاکہ عوام تک درست اور متوازن معلومات پہنچ سکیں۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مفاد اور شفاف معلومات کی فراہمی کے لیے حقائق پر مبنی مؤقف سامنے لانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔