خطے میں امن کے لیے سفارتکاری ناگزیر،یو اے ای اور ایران کا اتفاق
خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کا احترام ضروری ہے۔
متحدہ عرب امارات اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے جنگ بندی اور مفاہمت سے متعلق طے شدہ اقدامات پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بین الاقوامی قانون کا احترام ضروری ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور آزاد جہاز رانی کو عالمی تجارت اور علاقائی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ سمندری راستوں کا محفوظ رہنا عالمی معیشت کے مفاد میں ہے۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحرانوں کا دیرپا حل صرف مذاکرات، ذمہ دارانہ سفارتکاری اور تعمیری مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کے تسلسل کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔