آبنائے ہرمز میں ڈرون حملہ، ٹرمپ نے ایران پر جنگ بندی توڑنے کا الزام لگا دیا

عمان کے قریب ایک سنگاپور کے پرچم بردار کارگو جہاز کو ڈرون حملے میں نقصان پہنچا،

June 26, 2026 · اہم خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ ڈرون حملوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر چار خودکش ڈرون بھیجے، جن میں سے ایک ڈرون ایک بڑے مال بردار جہاز سے ٹکرایا، جس سے جہاز کو نقصان پہنچا، تاہم وہ اپنا سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔

امریکی صدر کے مطابق باقی تین ڈرونز کو امریکی افواج نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ انہوں نے اس واقعے کو جنگ بندی معاہدے کی “غیر ذمہ دارانہ خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ عمان کے قریب ایک سنگاپور کے پرچم بردار کارگو جہاز کو ڈرون حملے میں نقصان پہنچا، تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واقعے کے بعد چند تجارتی جہازوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی نقل و حرکت محدود کر دی، تاہم بعد ازاں بحری آمدورفت معمول پر آنا شروع ہوگئی۔

ادھر ایران نے ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری سرگرمیوں پر نظر رکھنا اس کا حق ہے، جبکہ خلیجی ممالک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی اور سفارتی رابطوں کے بعد خطے میں کشیدگی کم ہونے کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم تازہ واقعے نے ایک بار پھر علاقائی صورتحال کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔