عالمی منڈی میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار
امریکی خام تیل (WTI)، برینٹ کروڈ اور ابوظہبی مربان کروڈ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مرحلے پر عوام کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل (WTI)، برینٹ کروڈ اور ابوظہبی مربان کروڈ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر طارق فضل چودھری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے عندیہ دیا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا اور پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے نئی قیمتوں سے متعلق اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں، جن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی مختلف تجاویز شامل ہیں۔ تاہم نئی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔