اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنوبی لبنان سے جزوی انخلا پر فریم ورک معاہدہ طے
دو علاقوں سے مرحلہ وار انخلا کرے گی۔ ان علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جگہ لبنانی فوج تعینات ہوگی
اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنوبی لبنان سے جزوی انخلا پر فریم ورک معاہدہ طے
اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے جزوی انخلا کے لیے ایک فریم ورک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاہدے پر جلد دستخط کیے جائیں گے تاکہ اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قائم اپنے بفر زون کے اندر واقع دو علاقوں سے مرحلہ وار انخلا کرے گی۔ ان علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جگہ لبنانی فوج تعینات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج ان علاقوں میں حزب اللہ کے مبینہ ٹھکانوں کو پہلے ہی ختم کرنے کا دعویٰ کر چکی ہے۔
یہ پیش رفت واشنگٹن میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے اسرائیل اور لبنان کے درمیان پانچویں دور کے مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان بعض اختلافات برقرار رہے، تاہم امریکی کوششوں سے فریم ورک معاہدے پر اتفاق ممکن ہوا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں انخلا محدود علاقوں تک ہوگا، جبکہ آئندہ مراحل کا تعین دونوں ممالک کے درمیان مزید مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ امریکہ کا مؤقف ہے کہ یہ معاہدہ جنوبی لبنان میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔