شدید گرمی،خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پگھلنے کا خدشہ بڑھ گیا
ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ایمرجنسی عملے کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے شدید گرمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل گرم موسم کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور نشیبی علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
الرٹ کے بعد اپر اور لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے، حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ادارے نے ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ایمرجنسی عملے کو ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مقامی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں، جبکہ بارشوں کے دوران تیز بہاؤ والے پانی سے دور رہیں۔