آزاد کشمیر میں تاجروں اورٹرانسپورٹ کا اتوار سےہڑتال ختم کرنےکااعلان
عوامی ایکشن کمیٹی کی حیثیت ختم، بازار اور ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ
فائل فوٹو
مظفر آباد میں تاجروں اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ایک گروپ نے اتوار سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مرکزی انجمن تاجران کے وائس چیئرمین گوہر کشمیری اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر اعظم رسول نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ کل سے ہڑتال ختم کرتے ہوئے تمام بازار کھول دیں گے اور ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ 9 جون سے کالعدم قرار دی گئی تنظیم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر خطے میں مکمل ہڑتال جاری تھی، جس کے باعث کاروباری مراکز بند اور ٹرانسپورٹ معطل رہی۔
اعظم رسول نے کہا کہ اتوار سے ہر قسم کی ہڑتال ختم کر کے ٹریفک کو معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔
گوہر کشمیری نے تاجروں سے اپیل کی کہ بازار اور دکانیں کھولیں تاکہ زندگی معمول پر واپس آ سکے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کالعدم تنظیم عوامی ایکشن کمیٹی اب عملی طور پر اپنی حیثیت کھو چکی ہے، اسی لیے تاجر اور ٹرانسپورٹر اس کا حصہ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں انٹرنیٹ بحال کیا جائے، بینک کھولے جائیں اور پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔