موسیٰ خیل بلوچستان میں مسلسل دو روز کے زلزلوں سے125مکانات متاثر،19افراد زخمی
26 اور 27 جون کے زلزلوں میں درجنوں گھر متاثر، امدادی کارروائیاں جاری
فائل فوٹو
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 26 اور 27 جون کو آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 125 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 19 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق 26 جون کے زلزلے سے تقریباً 90 مکانات متاثر ہوئے اور 6 افراد معمولی زخمی ہوئے، جبکہ آج آنے والے زلزلے کے باعث مزید 35 مکانات کو نقصان پہنچا اور 13 افراد زخمی ہوئے۔
زلزلوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں و متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر، باورچی خانے کا سامان، سولر لائٹس اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں تاکہ فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے جامع سروے جاری ہے۔