کراچی،رینجرز آفس کے قریب کار بم حملہ ناکام،سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور ہلاک

اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

June 27, 2026 · اہم خبریں

کراچی: شہر کے علاقے گلشنِ اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر واقع رینجرز کی ایک تنصیب پر مبینہ بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کو سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیٹ پر تعینات چوکس اہلکاروں نے حملہ آوروں کو مرکزی تنصیب تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں پانچ مبینہ حملہ آور مارے گئے۔

واقعے کے دوران گلستانِ جوہر بلاک 6 اور اطراف کے علاقوں میں شدید فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

حکام کے مطابق کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ حملے کی نوعیت، حملہ آوروں کی شناخت اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی شہری یا سیکیورٹی اہلکار کے جانی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔