کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام،3 حملہ آور ہلاک،3 جوان شہید
حملہ آوروں کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تھا۔ دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرکے حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی
کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک زخمی حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تھا۔ دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرکے حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے تین جوان وطن پر قربان ہوگئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ گرفتار ہونے والا حملہ آور افغان شہری بتایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا اور اس حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔