دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کریں گے، صدر ،وزیراعظم
سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
صدر آصف علی زرداری نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وطن پر جان قربان کرنے والے اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کو ناکام بنانے پر پاکستان رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کی کارروائی کو مؤثر جواب دے کر ان کے منصوبے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔