آج سے 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
لاہور میں آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان کم ہے اور شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ یکم جولائی سے باقاعدہ مون سون سیزن شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان کم ہے اور شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 جبکہ کم سے کم 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 63 فیصد رہ سکتا ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور جزوی ابر آلود رہے گا، جہاں وقفے وقفے سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ نمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ہوا کی رفتار تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔