آبنائے ہرمز کی سلامتی ایران کی ذمہ داری ہے، عمانی وزیر خارجہ
عمان خطے میں محفوظ، آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمد و رفت کو اہمیت دیتا ہے اور اس مقصد کے لیے تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
مسقط: عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنا ایران کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو عمان خطے اور عالمی سطح پر سمندری راستوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ہونے والی کوششوں میں بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
عمانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی حمایت نہیں کرتا۔
ان کے مطابق سمندری سلامتی، ماحولیاتی تحفظ، جہاز رانی کی سہولیات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے جیسی خدمات کے بدلے رضاکارانہ بنیادوں پر فیس کے معاملے پر متعلقہ ممالک اور شپنگ کمپنیوں کے ساتھ مشاورت کی جا سکتی ہے۔
بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا کہ عمان خطے میں محفوظ، آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمد و رفت کو اہمیت دیتا ہے اور اس مقصد کے لیے تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔