وٹکوف اور کشنر دوحہ میں موجود، ایران اور امریکہ کے درمیان ملاقات طے نہیں: قطر

قطر نے ایران کے منجمد چھ ارب ڈالر تہران کو منتقل نہیں کیے،ماجد الانصاری

فائل فوٹو

فائل فوٹو

دوحہ: قطر کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ سٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر ایران اور امریکہ مذاکرات پر قطری ثالثوں سے بات چیت کے لیے دوحہ پہنچ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان فی الوقت کوئی اعلیٰ سطح ملاقات نہیں ہو رہی۔

ماجد الانصاری نے یہ بھی کہا کہ قطر نے ایران کے منجمد چھ ارب ڈالر تہران کو منتقل نہیں کیے ہیں۔

خیال رہے گذشتہ روز روئٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد اب قطر میں منجمد ایران کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے چھ ارب ڈالر ایران کو واپس کر دیے جائیں گے۔