فرانس میں سکیورٹی خدشات کے باعث ایرانی اپوزیشن کی ریلی منسوخ

ایرانی شاہ نواز گروپ کی مبینہ دھمکیوں کے بعد حکام کا فیصلہ

July 1, 2026 · بام دنیا

فرانس میں سکیورٹی خدشات کے باعث ایرانی اپوزیشن جماعت کی مجوزہ ریلی منسوخ کر دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی حکام نے انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ریلی 20 جون کو منعقد ہونا تھی، تاہم آغاز سے چند گھنٹے قبل اسے منسوخ کر دیا گیا۔ انٹیلی جنس جائزے میں کہا گیا کہ سابق ایرانی شاہ محمد رضا پہلوی کے بیٹے رضا پہلوی کے حامی شاہ نواز گروپ کی جانب سے ممکنہ حملے اور بم دھماکے کی دھمکیوں کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے۔

یہ مظاہرہ نیشنل کونسل آف ریزسٹنس آف ایران (این سی آر آئی) کی جانب سے منعقد کیا جا رہا تھا، جسے مجاہدین خلق (ایم ای کے) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ تنظیم متنازع سمجھی جاتی ہے اور اس پر منحرف ہونے والے ارکان پر تشدد اور ایران۔عراق جنگ کے دوران سابق عراقی صدر صدام حسین کے ساتھ تعاون کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ایرانی شاہ نواز گروپ نے ریلی منعقد ہونے کی صورت میں بم حملے کی دھمکی دی تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں گروہ ایران سے باہر اپوزیشن کی قیادت حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران کی موجودہ حکومت کا خاتمہ بھی ہو جائے تو رضا پہلوی کو ملک کی قیادت کے لیے عوامی حمایت حاصل نہیں۔