دوحہ میں تکنیکی مذاکرات جاری۔ایران کا انکار مذاکراتی حربہ ہے۔جے ڈی وینس

دوحہ میں تکنیکی مذاکرات جاری ہیں، ایران نے براہِ راست بات چیت کی تردید کردی

July 1, 2026 · بام دنیا

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے دوحہ مذاکرات کی تردید دراصل ایک “ایرانی طرزِ مذاکرات” ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ تکنیکی مذاکرات جاری ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہونے والی بات چیت کا تسلسل ہیں، اور یہ ملاقاتیں بدھ کو بھی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے عوامی بیانات دلچسپ مگر مایوس کن ہیں، کیونکہ ایرانی حکام ایک طرف امن مذاکرات کی تردید کرتے ہیں اور دوسری جانب امن معاہدے سے متعلق امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔

جے ڈی وینس کے مطابق، ’’ایران کہتا ہے کہ امن مذاکرات نہیں ہو رہے، لیکن امن معاہدے پر امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی بات چیت جاری ہے۔ یہ ایرانی مذاکراتی حکمتِ عملی اور بیانیے کا حصہ ہے، جسے میں نہیں سمجھتا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیر کو یہ اعلان کرنے کے بعد کہ ایران نے دوحہ میں ملاقات کی درخواست کی ہے، وائٹ ہاؤس کے نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر قطر پہنچ گئے۔ تاہم ایران نے واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی براہِ راست مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ثالث ممالک کے ذریعے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔