پاسداران انقلاب سے جھڑپوں میں ہمارے4 اہلکار ہلاک ہوئے۔کردستان فری لائف پارٹی

ہلاک ہونے والوں میں ’دو مرد اور دو خواتین‘ شامل ہیں۔

July 1, 2026 · بام دنیا

ایران کی سکیورٹی فورسز اور کردستان فری لائف پارٹی (پی جے اے کے) کے جنگجوؤں کے درمیان حالیہ دنوں میں ہونے والی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد، پی جے اے کے نے اپنے چار اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ’دو مرد اور دو خواتین‘ شامل ہیں۔ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اس جھڑپ کے دوران پاسدارانِ انقلاب کے متعدد اہلکار بھی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب سے قریبی سمجھے جانے والے ذرائع نے کچھ لاشوں اور اسلحے کی تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پی جے اے کے کے چھ ارکان مارے گئے ہیں۔

کردستان فری لائف پارٹی کے عسکری ونگ کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کا جواب دیں گے۔

ادھر ایرانی سرکاری میڈیا نے آج صبح رپورٹ کیا کہ پیر کی شام، 29 جولائی کو صوبہ کرمانشاہ کے شہر پاوہ میں ایک گھر کے سامنے فائرنگ کے واقعے میں پاسدارانِ انقلاب کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔