امریکا اور ایران کے درمیان معاملات درست جار رہے ہیں ، ٹرمپ
ان کے ساتھ بہت اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور آگے دیکھیے کیا ہوتا ہے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل بھی بخوبی آگےبڑھ رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاملات درست جار رہے ہیں اور قطر میں حالیہ ملاقات اچھی رہی ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری توانائی سے پاک کرنے کا عمل درست انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، ان کے ساتھ بہت اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور آگے دیکھیے کیا ہوتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم بہت اچھے طریقے سے چل رہے ہیں، ایران طویل سفر طے کرکے آیا ہے، میرے خیال میں وہ خوش ہیں۔
رپورٹ میں باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں تیکنیکی مذاکرات ہوئے جہاں انہوں نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت، پائیدار جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔
قطر میں ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف نے قطری وزیراعظم سے بھی ملاقات کی جو پاکستان کے ساتھ ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں، ملاقات میں مذاکرات کے حوالے سے جزیات پر بات کی گئی لیکن ذرائع سے بتایا کہ وہ خود مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔