ایران اور امریکا مذاکرات میں بڑی پیش رفت،قطر کا اہم اعلان
دوحہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران قطری اور پاکستانی ثالثوں نے امریکی اور ایرانی وفود سے علیحدہ علیحدہ بات چیت کی
دوحہ: ایران اور امریکا کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قطر نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک نے آئندہ مرحلے کے مذاکرات ایران کی قومی سوگ کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران قطری اور پاکستانی ثالثوں نے امریکی اور ایرانی وفود سے علیحدہ علیحدہ بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کئی امور پر مثبت پیش رفت ہوئی اور فریقین نے آئندہ رابطوں کو جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں:۔ ایران کو 3 ارب ڈالر دینے پر عبوری اتفاق
ترجمان کے مطابق موجودہ مذاکرات سابقہ سفارتی رابطوں اور حالیہ بین الاقوامی مشاورت کے نتائج کی بنیاد پر آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں سوگ اور تدفین کی تقریبات مکمل ہوتے ہی مذاکرات کا اگلا دور جلد منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ایرانی ذرائع کے مطابق سابق ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی مرکزی تقریبات 7 جولائی کو قم میں ہوں گی، جن میں ملکی و غیر ملکی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب عراق کی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے بھی تجویز پیش کی ہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر کے لیے عراق میں بھی تعزیتی اور مذہبی تقریبات منعقد کی جائیں تاکہ عوام انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔