امریکی بحریہ کا ہیلی کاپٹر سمندر میں حادثے کا شکار، تین فوجی زخمی

لاپتہ اہلکار کی تلاش کے لیے علاقے میں موجود بحری یونٹس سرچ آپریشن میں مصروف ہیں

July 2, 2026 · بام دنیا

راولپنڈی: امریکی بحریہ نے بحیرہ عرب میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک فوجی لاپتہ جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

امریکی بحریہ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب “ایم ایچ 60 ایس سی ہاک” ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ ابتدائی تحقیقات میں کسی بھی قسم کے حملے یا دشمن کارروائی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

بحریہ کا کہنا ہے کہ لاپتہ اہلکار کی تلاش کے لیے علاقے میں موجود بحری یونٹس سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر امریکی بحری بیڑے “یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش” کے ساتھ خطے میں معمول کی نگرانی کے مشن پر تعینات تھا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق سمندر میں بحری جہاز یا بیڑے پر ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ انتہائی حساس مرحلہ ہوتا ہے، جہاں موسمی حالات، لہروں کی شدت اور جہاز کی حرکت کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی وجہ سے تجربہ کار پائلٹس کو بھی ایسے حالات میں غیر معمولی احتیاط برتنا پڑتی ہے۔