ٹرمپ ایران پر دوبارہ حملے کے خواہاں نہیں، امریکی نائب صدر
امریکی صدر کی ترجیح خطے میں غیر ضروری فوجی مداخلت سے گریز کرنا ہے اور فوج کو صرف اسی صورت میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی واضح اور ضروری مقصد کے بغیر ایران میں دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی صدر کی ترجیح خطے میں غیر ضروری فوجی مداخلت سے گریز کرنا ہے اور فوج کو صرف اسی صورت میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا جب حالات اس کا تقاضا کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ تیز کرنے یا بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا ہے تو امریکا اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کر سکتا ہے اور ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔
جے ڈی وینس نے دوحہ میں جاری بالواسطہ مذاکرات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور امریکی انتظامیہ اب بھی نیک نیتی کے ساتھ سفارتی عمل کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
امریکی نائب صدر کے مطابق واشنگٹن موجودہ مرحلے پر سفارت کاری کو ترجیح دے رہا ہے، تاہم خطے کی سلامتی اور عالمی بحری تجارت کے تحفظ سے متعلق کسی بھی ممکنہ خطرے پر مناسب ردعمل دینے کے لیے تیار ہے۔