علی خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل
چھ روزہ تدفینی تقریبات ایران اور عراق کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گی۔ تقریبات کا آغاز تہران سے ہوگا،
علی خامنہ ای کی تدفین کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل
تہران: ایران میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری تدفین کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جہاں حکام کے مطابق ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی سوگوار تقریبات کے انعقاد کے لیے وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
چھ روزہ تدفینی تقریبات ایران اور عراق کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گی۔ تقریبات کا آغاز تہران سے ہوگا، جہاں عوام کو آخری دیدار کا موقع فراہم کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں جنازے کا جلوس مختلف مقامات سے ہوتا ہوا مقدس شہر قم پہنچے گا۔
بعد ازاں میت کو عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جبکہ آخری مرحلے میں تدفین کے لیے دوبارہ ایران لایا جائے گا، جہاں آبائی شہر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تقریبات میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مختلف ممالک کے اعلیٰ سرکاری وفود، مذہبی شخصیات اور بین الاقوامی نمائندوں کی بھی شرکت متوقع ہے، جبکہ متعدد ممالک نے اپنے نمائندے تقریب میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ سوگ کی تقریبات کو منظم اور پُرامن انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔