برطانیہ میں گرمی نے ریکارڈ توڑ دیے،جون 2026 تاریخ کا دوسرا گرم ترین مہینہ
اس سال جون میں اوسط درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہا، جبکہ دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی
برطانیہ میں جون 2026 گزشتہ 142 برس کے دوران دوسرا گرم ترین جون کا مہینہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی عالمی حدت کے خدشات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 1884 سے محفوظ موسمیاتی ریکارڈ کے بعد پہلی بار جون 2026 کو ملکی تاریخ کے گرم ترین جون کے مہینوں میں شامل کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں یہ جون 1884 کے بعد دوسرا گرم ترین ثابت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس سال جون میں اوسط درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہا، جبکہ دن کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی۔ برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں رات کے درجہ حرارت نے بھی نئے ریکارڈ قائم کیے، جس کے باعث شہری شدید حبس اور گرمی سے متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ کے علاقے سرے کے قصبے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو جون کے مہینے کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل جون 1976 میں 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ میں جاری شدید ہیٹ ویو کے اثرات برطانیہ میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق عالمی حدت میں اضافے کے باعث شدید گرمی کی لہریں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بار اور زیادہ شدت سے سامنے آ رہی ہیں۔ حکام نے شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز، زیادہ پانی پینے اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔