دمشق کے معروف ریسٹورنٹ میں دھماکا، 5 افراد ہلاک، 16 زخمی
متاثرہ ہوٹل عدالت عظمیٰ کےقریب واقع ہے جو تاریخی حمادیہ مارکیت کا علاقہ ہے ، عرب میڈیا
دمشق : شام کے دارالحکومت دمشق کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں خوفناک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا اور ایمبولینس سروسز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دمشق کے تاریخی اور انتہائی مصروف تجارتی مرکز ‘حمیدیہ مارکیٹ’ کے علاقے میں پیش آیا۔ دھماکے کا نشانہ بننے والا ہوٹل شام کی عدالت عظمیٰ (سپریم کورٹ) کے بالکل قریب واقع ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بارودی مواد کیفے کے اندر نصب کیا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے وہاں موجود افراد زد میں آ گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ ریسٹورنٹ کو شدید نقصان پہنچا اور اردگرد کی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
حکام کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فوری طور پر کسی بھی گروپ یا تنظیم کی جانب سے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے، تاہم سیکورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔