ژوب حادثۃ،ڈرائیور نے جان بوجھ کر بس کھائی میں گرائی،زندہ بچ جانے والے مسافر کا ہوشربا انکشاف
ڈرائیورکا ایک مسافر سے جھگڑا ہوا تھا ، وہ شدید غصے میں تھا، زخمی مسافر حسین احمد کا آنکھوں دیکھا حال
ژوب:حادثے میں بچ جانے والے ایک زخمی مسافر نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا ڈرائیورکا ایک مسافر سے جھگڑا ہوا تھا اس نے جان بوجھ کربس کھائی میں گرائی۔
نجی ٹی وی کےمطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے داناسر کے مقام پر کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 40افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اگرچہ ریسکیو ذرائع کا ابتدائی طور پر کہنا تھا کہ حادثہ موڑ کاٹتے ہوئے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا،تاہم حادثے میں بچ جانے والے ایک زخمی مسافر حسین احمد نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ، مسافر نے واقعے کا لرزہ خیز آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے کہا یہ حادثہ محض اتفاق نہیں بلکہ مسافر سے جھگڑے کے بعد ڈرائیور کی مبینہ غصے اور غفلت کا نتیجہ تھا۔
حسین احمد نے بتایا کہ بس میں تقریباً 45 کے قریب مسافر سوار تھے اور اس میں غیر قانونی ایرانی ڈیزل بھی لوڈ تھا، راستے میں ایک چیک پوسٹ پر بس میں لوڈ ایرانی ڈیزل پکڑا گیا، جس کے باعث ڈرائیور کو نقصان اٹھانا پڑا۔ چیک پوسٹ سے روانگی کے بعد بس ڈرائیور شدید غصے میں تھا اور اس نے ایک سواری پر غصہ نکالتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی وجہ سے ہمارا ڈیزل ضائع ہوا ہے‘‘، جس پر دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی اور جھگڑا شروع ہو گیا۔
عینی شاہد مسافر کا مزید کہنا تھا کہ اس جھگڑے کے دوران غصے سے مغلوب ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا یا مبینہ طور پر جان بوجھ کر بس کھائی میں گرا دی۔
شاید بس کا ڈرائیور اور وہ مسافر جس سے جھگڑا ہوا تھا، دونوں ہی اس حادثے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں جاری ہے، ریسکیو حکام نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بس کے صرف یہی دو مسافر زندہ بچ سکے۔ حسین احمد (دائیں) اور احسان اللہ (بائیں) نے ایک جیسے بیانات دیئے ہیں۔ بس ڈرائیور کا ڈیزل پکڑا گیا جس کی وجہ سے اس کی مسافروں سے تلخ کلامی ہوئی اور غصے میں اس سے گاڑی کا اسٹیئرنگ گھما دیا۔ حسین احمد نے خیال ظاہر کیا کہ ڈرائیور بھی حادثے میں مارا گیا ہے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔