پاکستان کے بعد بنگلہ دیش کے سیاسی کارکن بھی لندن میں لڑ پڑے ، متعدد زخمی

قریب کے اختتام کے بعد مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ کارکنوں نے حملہ کیا،ناہید اسلام کا کارروائی کا مطالبہ

November 18, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لندن :مشرقی لندن میں بنگلہ دیش کی دو حریف سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے

میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق، رومفورڈ کے قریب چاڈویل ہیتھ کے علاقے میں کم از کم 50 افراد آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔ جھڑپوں کے دوران مشتعل افراد نے ایک دوسرے پر کوڑے دان (بِنز)، ٹریفک کونز اور درختوں کی شاخیں پھینکیں۔

یہ تصادم پیر کی شام “مے فیئر وینیو” کے باہر اس وقت شروع ہوا جب بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی کے نمایاں رہنما ناہید اسلام وہاں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

عینی شاہدین اور رپورٹس کے مطابق، این سی پی کے حامیوں کی جھڑپ حریف جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں سے ہوئی۔ واضح رہے کہ عوامی لیگ کی سربراہ سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد ہیں، جنہیں اگست 2024 میں ایک عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ (لندن پولیس) کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، تاہم اس ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

دوسری جانب این سی پی کے کنوینر ناہید اسلام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں ناہید اسلام نے تقریب میں برطانیہ بھر سے بنگلہ دیشی تارکینِ وطن، مختلف جامعات کے طلبہ اور گیارہ جماعتی اتحاد کے رہنماؤں کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم ان کے بیان کے مطابق تقریب کے اختتام کے بعد مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ کارکنوں نے تقریب میں شریک عام بنگلہ دیشی شہریوں اور یونیورسٹی طلبہ پر حملہ کر دیا، جس کے باعث کئی افراد زخمی ہوئے۔

ناہید اسلام نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ جولائی کی عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے محروم ہونے والی قوتیں اب غیر ملکی سرزمین پر بھی تشدد اور خوف و ہراس کے ذریعے اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ جیسے جمہوری ملک میں سیاسی اجتماع اور اظہارِ رائے کی آزادی کو تشدد کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کے حوالے سے مقامی صارفین کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ متعدد صارفین نے برطانیہ کی سڑکوں پر غیر ملکی سیاسی تنازعات لانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بیرونِ ملک کی سیاسی لڑائیوں کو برطانیہ کے بجائے اپنے آبائی ممالک تک محدود رکھا جائے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔