وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے

ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، وزارت خارجہ کے حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے استقبال کیا۔

July 3, 2026 · اہم خبریں, قومی

استنبول : وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے۔

اتاترک ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، وزارت خارجہ کے حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک۔ترکیہ تعلقات کے مختلف شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ملاقات میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر توجہ دی جائے گی، جبکہ علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔

دورے کے دوران وزیراعظم استنبول میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، نجکاری اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی، انہوں نے ایران میں پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے اسلام کیلیے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہید آیت اللہ خامنہ ای نے کئی دہائیوں تک ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔

انہوں نے اس قومی سانحے پر یکجہتی کا اظہار اور اور مغفرت کیلیے دعا کی۔ یوسف رضا گیلانی، سردار ایاز صادق، ارکانِ پارلیمان اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی جنازے میں شرکت کی۔