وزیراعلیٰ مریم نواز ماؤں کا غم بانٹنے کاہنہ پہنچ گئیں

ہر جاں بحق بچے کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کے چیکس دکھی خاندانوں کے سپرد کیے، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت

July 3, 2026 · اہم خبریں, قومی
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے والدین سے ملاقات کی، فوٹو ریلیز

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے والدین سے ملاقات کی، فوٹو ریلیز

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے دکھی والدین سے ملاقات کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ والدین کو پرسادیا،غمزدہ ماؤں کو گلے لگا کر دلاسہ دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دادرسی کیلیے سانحہ کاہنہ کے ہر جاں بحق بچے کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کے چیکس دکھی خاندانوں کے سپرد کیے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا اور یقین دلایا کہ حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سانحہ میں زخمی بچوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کی۔

متاثرہ خاندانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹیوشن سینٹر میں جب ایک اینٹ گری تھی تو بچوں کو فوری طور پر چھٹی دے دینی چاہیے تھی۔ آپ کا دکھ اتنا بڑا ہے کہ میرے پاس لفظ ہی نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کی طرف سے آئے امتحان کو ٹال نہیں سکتی لیکن غفلت کرنے والوں کو ہرگز نہیں چھوڑوں گی۔ میں خود ایک ماں ہوں، اس لیے آپ کے درد اور احساس کو بخوبی سمجھتی ہوں۔ لفظ کم ہیں اورغم بہت بڑا ہے۔

انھوں نے کہاکہ دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی۔ ننھے پھول جیسے بچوں کا بچھڑجانا دلخراش ہے،دکھی ماؤں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے۔