غیرملکی خواتین کو اغوا کرنیوالا ‘باس’ کون؟ تفصیل بے نقاب

'باس' نامی مرکزی ملزم کی شناخت وحید ولد منظور کے نام سے ہوئی ، تعلق اوکاڑہ سے ہے، پہلے سے 8 مقدمات درج ہیں۔ 

July 5, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: غیر ملکی خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق ‘باس’ نامی مرکزی ملزم کی شناخت وحید ولد منظور کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق اوکاڑہ سے ہے ۔ اس کے خلاف پہلے سے 8 مقدمات درج ہیں۔ 

ملزم وحید عرف ‘باس’ اس گروہ کا سرغنہ ہے جو پہلے بھی سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے ۔اس نے اپنے ساتھیوں (بشمول علی ڈار اور دیگر) کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ تیار کیا ۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ غیر ملکی لڑکیوں کے اغوا اور زیادتی کیس میں باس کا کردار وحید نامی غنڈہ شخص کر رہا تھا، جس کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ لڑکیوں نے تصویر دیکھ کر پہچانا کہ یہی وہ شخص ہے، جس کو سب باس کہتے ہیں۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں سے تین افراد نے خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، دوران تفتیش ملزمان نے خواتین سے اپنے ڈیجیٹل وائیلٹ میں 19ہزار ڈالر منتقل کرائے، ملزمان نے خواتین کےساتھ کرپٹو کرنسی میں چار سے پانچ لاکھ ڈالر انویسٹ کیے ہوئے تھے، ملزمان نے ان سے پیسوں کی واپسی کامطالبہ کیا۔

متاثرہ خواتین میں سے ایک نیدرلینڈز اور دوسری وینزویلا کی شہری ہیں ۔خواتین کو یرغمال بنا کر دو دن تک حبس بے جا میں رکھا گیا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔ملزمان نے اہل خانہ سے $15 لاکھ تاوان بھی طلب کیا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق دونوں غیر ملکی خواتین اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہو گئیں، جان بچانے کے لیے خواتین بھاگ کر قریبی دکان میں جا پہنچیں۔

دکان کے باہر موجود ٹریفک وارڈن نے دونوں خواتین کو ریسکیو کر لیا، ٹریفک وارڈن نے فوری طور پر متعلقہ پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے اطلاع ملتے ہی دونوں خواتین کو اپنی تحویل میں لے لیا۔