کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح حملہ آوروں کا2تاجروں پر6گھنٹے تک وحشیانہ تشدد

زخمیوں کو نیم مردہ حالت میں سڑک پھینک کر فرارہوگئے

July 6, 2026 · اہم خبریں

 

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے20 سے 25 نقاب پوش افراد نے تاجر رہنما اور ان کے کزن پر 6گھنٹے تک وحشیانہ تشدد کیا۔حملہ آوروںنے شدید فائرنگ بھی گئی تا ہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔6 گھنٹے سے زائد تشدد کے بعد دونوں زخمیوں کو نیم مردہ حالت میں سڑک پھینک کر فرارہوگئے۔

جنڈالہ کراس کے قریب کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے درخت کاٹ کر مین سڑک بند کی گئی تھی جس کی وجہ سے ایک ایمبولینس جس میں ڈیڈ باڈی تھی ،پھنس گئی۔انجمن تاجران ارجہ کے سیکرٹری جنرل سردار ناصر ارباب چند نوجوانوں کے ہمراہ ایمبولینس کے لیے راستہ بنانے کے لیے پہنچے تویکشن کمیٹی کے 20 سے 25 افراد نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔انہوں نے سردار ناصر ارباب اور ان کے کزن حسام کو گن پوائنٹ پر روک لیا اور تشدد کرتے ہوے راولاکوٹ کی طرف سڑک پر گھسیٹتے ہوئے ہلاں بازار تک لے گئے۔

ہلاں بازار سے ہائی ایس گاڑی جو پہلے سے وہاں موجود تھی میں ڈال کر پانیولہ لے گئے جہاں پر صبح 6 بجے تک تشدد کرتے رہے۔ناصر ارباب اور حسام ان افراد کی منت سماجت کرتے رہے لیکن کالعدم تنظیم کے یہ تشدد پسند افراد اس بات پر مصرہے کہ تم انتظامیہ کو دیگیں پکا کر دیتے ہو۔

سردار ناصر ارباب تشدد کے باعث بے ہوش ہو گئے جنہیں بعدازاں حملہ آور نیم مردہ حالت میں ہلاں بازار کے پاس سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے۔اس واقعہ کے بعد تاجر برادری اور علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ارجہ کی تاجر برادری جلد پریس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف کالعدم تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرے گی بلکہ اس کے خلاف اگلے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔