زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ،9 اہلکار شہید،کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک

حملے کے بعد دہشت گرد چند مقامی افراد کو اپنے ساتھ لے گئے تھے، تاہم پانچ مغوی فرار ہو کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

July 7, 2026 · اہم خبریں

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کاچ مانگی فیز تھری میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس افسران اور اہلکار شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس پی زیارت عبدالقدوس دہوار کے مطابق حملہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر کیا گیا۔ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین، ایس ایچ او کواس صحبت خان، اے ٹی ایف کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل سیف اللہ اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔ تمام شہداء کی میتیں ضلعی اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد چند مقامی افراد کو اپنے ساتھ لے گئے تھے، تاہم پانچ مغوی فرار ہو کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد فوراً مشترکہ سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے۔ علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر مزید کارروائیاں جاری ہیں تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی اور صوبے میں امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

واقعے کے بعد زیارت کے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے زیارت کراس کے مقام پر قومی شاہراہ بند کر دی، جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن اور ترقی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے ملک کا امن خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔