قبائلی علاقے میں پہلی مرتبہ خاتون جرگہ کی ممبر منتخب

علاقے کے عمائدین کے مطابق خواتین کی نمائندگی سے نہ صرف متاثرہ خواتین کو اپنے مسائل کھل کر بیان کرنے کا موقع ملے گا

July 7, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: جنوبی وزیرستان اپر میں پہلی بار ایک خاتون کو ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، علاقائی پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کی منظوری سے ضلع پولیس آفیسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان اپر ارشد خان کی سفارش پر 17 رکنی ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل تشکیل دی گئی، جس میں سماجی کارکن رضیہ محسودکو پہلی بار بطور خاتون رکن شامل کیا گیا ہے۔

مقامی سماجی اور قبائلی حلقوں کا کہنا ہے کہ رضیہ محسود کی شمولیت خواتین سے متعلق تنازعات کے مؤثر حل، ان کے مسائل کی بروقت نشاندہی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

علاقے کے عمائدین کے مطابق خواتین کی نمائندگی سے نہ صرف متاثرہ خواتین کو اپنے مسائل کھل کر بیان کرنے کا موقع ملے گا بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی ان کی آواز کو مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے گا۔

سماجی رہنماؤں اور قبائلی شخصیات نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان اپر میں خاتون کی ڈی آر سی میں شمولیت صنفی شمولیت، سماجی انصاف اور خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک مثبت اور تاریخی قدم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مستقبل میں قبائلی اضلاع میں خواتین کی مزید نمائندگی اور اہم اداروں میں ان کے کردار کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔