رجسٹرار کو درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر واپس کرنے کا اختیار نہیں، وفاقی آئینی عدالت

رجسٹرار آفس درخواست صرف رولز کے خلاف دائر ہونے پر واپس کر سکتا ہے، تحریری فیصلہ

July 7, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ رجسٹرار کو درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر واپس کرنے کا اختیار نہیں، درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا تعین صرف عدالت کر سکتی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  رجسٹرار کا کام صرف انتظامی نوعیت کا ہے، رجسٹرار آفس صرف انتظامی نوعیت کے اعتراضات ہی عائد کر سکتا ہے، رجسٹرار آفس درخواست صرف رولز کے خلاف دائر ہونے پر واپس کر سکتا ہے، رجسٹرار آفس کسی صورت عدالتی اختیارات استعمال نہیں کر سکتا۔

وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ عدالتی اختیارات کسی انتظامی افسر کو تفویض کیے جائیں، انتظامی افسر کو عدالتی اختیار دینا آئین میں درج اختیارات کی تقسیم کے خلاف ہے، رجسٹرار آفس کسی آئینی درخواست کو غیر سنجیدہ بھی قرار نہیں دے سکتا۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے رضیہ اسلم کی آئینی درخواست 14 فروری کو ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی، درخواست گزار نے رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی تھی۔