بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،19دہشت گرد ہلاک،11اہلکار شہید

امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور اہم شاہراہوں کی حفاظت کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔سیکیورٹی حکام

July 8, 2026 · اہم خبریں

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران 11 جوان وطن کے دفاع میں شہید ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے بلوچستان میں این-25 شاہراہ پر جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے وقت دہشت گرد مبینہ طور پر شاہراہ بلاک کرکے شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے۔

فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد مارے گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو کلیئر کیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں 11 سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور اہم شاہراہوں کی حفاظت کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔