سہیل آفریدی کا مراعات اور صحافیوں سے متعلق قوانین پر نظرثانی کااعلان

خیبرپختونخوا عوامی مینڈیٹ سے قائم واحد اسمبلی ہے، عوامی رائے اور مفاد کو ہر فیصلے میں مقدم رکھا جائے گا ، کابینہ سے خطاب

July 8, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا ارکان اسمبلی کی مراعات،الاؤنسز و تنخواہوں اور صحافیوں سے متعلق قوانین پر نظرثانی کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے  کابینہ سے منظور شدہ پارلیمنٹیرینز پرولیجز بل کا مسودہ صوبائی اسمبلی بھجوایا گیا، جہاں اس میں بعض ترامیم کی گئیں، پارلیمنٹیرینز پرولیجز بل میں کی گئی ترامیم پر گزشتہ دو سے تین روز سے میڈیا میں مسلسل تنقید ہو رہی ہے،  جن نکات پر خیبرپختونخوا کے عوام کو اعتراض ہے، ان کا جائزہ لیا جائے، جن نکات پر صحافی برادری کو اعتراض ہے، ان پر بھی نظرثانی کی جائے۔

صوبائی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  عمران خان نے ہمیشہ آزادیٔ اظہارِ رائے کو فروغ دیا، عمران خان چاہتے تھے کہ صحافی جہاں ضروری سمجھیں، کھل کر تنقید کریں۔  مجھ پر بھی اور حکومت پر بھی تنقید ہوتی ہے، مختلف صحافی حکومت پر مسلسل تنقید کرتے رہتے ہیں، مختلف کالے چینلز مسلسل حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں۔  خیبرپختونخوا حکومت نے کسی کے خلاف غیرقانونی کارروائی نہیں کی, اگر کوئی جھوٹا پروپیگنڈا بھی کرے تو کارروائی عدالتوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔  دیگر صوبوں میں مخالف صحافیوں کو غائب، تشدد اور ہراسانی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، خیبرپختونخوا میں اس نوعیت کے ہتھکنڈے نہیں اپنائے جاتے۔  سپیکر کو تمام پارلیمانی لیڈرز سے عوام اور صحافی برادری کے تحفظات پر نظرثانی کا کہا ہے۔

سہیل آفریدی نے مزیدکہاکہ خیبرپختونخوا عوامی مینڈیٹ سے قائم واحد اسمبلی ہے، عوامی رائے اور مفاد کو ہر فیصلے میں مقدم رکھا جائے گا۔ امید ہے کہ پارلیمنٹیرینز پرولیجز بل میں کی گئی ترامیم پر نظرثانی ہوگی، آئندہ تمام اقدامات عوامی مفاد اور عوامی رائے کے مطابق کیے جائیں گے.