شارجہ سے کراچی آنے والے لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا، عملے کے ارکان کی تلاش جاری
طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں ملا ہے،پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی
کراچی: شارجہ سے کراچی آتے ہوئے گزشتہ شب اورماڑہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کا مبلہ مل گیا ہے جبکہ عملے کے ارکان کی تلاش جاری ہے۔
نجی کمپنی کے لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کی جانب سے سمندر میں سرچ اور ریسکیو آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ بارہ گھنٹے سے زائد مسلسل جاری رہنے والی کارروائی کے دوران سرچ ٹیموں نے طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں تلاش کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن میں پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری جہازوں، تیز رفتار کشتیوں اور فضائی اثاثوں نے حصہ لیا، جنہوں نے جدید سرچ آلات کی مدد سے وسیع سمندری علاقے کا جائزہ لیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد لاپتہ کارگو طیارے کے ملبے کی نشاندہی کر کے اسے تلاش کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملبہ ملنے کے بعد آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ طیارے کے عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری و فضائی اثاثے مسلسل متاثرہ علاقے میں سرچ مشن انجام دے رہے ہیں۔
نجی ایئر لائن کا مال بردار طیارہ شارجہ سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری
حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ممکنہ شواہد اکٹھے نہیں کر لیے جاتے اور لاپتہ عملے کے ارکان کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل نہیں ہو جاتیں۔ متعلقہ ادارے آپریشن کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت کے مطابق مزید وسائل بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سرچ اور ریسکیو مشن کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔