سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا ، فیلڈ مارشل
میڈیا بیان بازی یا سیاسی نعروں سے جنگیں نہیں جیتی جاتیں، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی یو میں خطاب
فوٹو آئی ایس پی آر
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور ڈسپلن سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سرحد پار سے آنے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پیچیدہ اسٹریٹجک مسائل سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جنگ کے بدلتے ہوئے انداز کے مطابق اپنی حکمت عملیوں کو ازسرنو ترتیب دے رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ مسلح افواج پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے نیٹ ورکس اور پراکسیز کی کوششوں سے پوری طرح باخبر ہیں اور ان کے عزائم کو ملکی سلامتی اور اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعادہ کیا۔
آخر میں انہوں نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کو دیانت داری اور بے لوث خدمت کے اصولوں پر کاربند رہنے کی تاکید کی۔ قبل ازیں، این ڈی یو آمد پر صدر یونیورسٹی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔