ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین آج ہوگی

نمازِ جنازہ اور آخری رسومات ایران اور عراق کے مختلف مقدس شہروں میں ادا کی گئیں، جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

July 9, 2026 · اہم خبریں

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین آج مشہد میں روضۂ امام رضاؑ کے احاطے میں متوقع ہے، جہاں ملک بھر سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں سوگواروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق تدفین کی تقریبات میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس سے قبل مرحوم کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات ایران اور عراق کے مختلف مقدس شہروں میں ادا کی گئیں، جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق میت کو پہلے نجف اشرف لے جایا گیا، جہاں روضۂ حضرت علیؓ میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں جسد خاکی کربلا منتقل کیا گیا، جہاں روضۂ امام حسینؓ اور روضۂ حضرت عباسؓ میں بھی حاضری اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

بعد ازاں ایران کے مختلف شہروں میں بھی تعزیتی اجتماعات اور نمازِ جنازہ کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آج مشہد میں ہونے والی تدفین کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ حکام کے مطابق تقریب میں ملکی و غیر ملکی شخصیات اور بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔