چاغی: سینکڑوں مسلح افراد کا شہر پر دھاوا، سرکاری دفاتر، بینک پر قبضہ، تھانہ نذر آتش
حملہ آور پولیس تھانے سے ایک ایمبولینس بھی ساتھ لے گئے، مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی اور شناختی جانچ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
ضلع چاغی کے تحصیل ہیڈکوارٹر چاغی میں جمعرات کو سینکڑوں مسلح افراد نے شہر میں داخل ہو کر مختلف سرکاری تنصیبات پر قبضہ کر لیا جبکہ پولیس تھانے پر حملہ کرکے اسے نذر آتش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے چاغی شہر میں داخل ہونے کے بعد سرکاری دفاتر، بینکوں اور پولیس تھانوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا، جس کے باعث شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل چاغی کے پولیس تھانے پر حملے کے دوران مسلح افراد نے تھانے کی عمارت کو آگ لگا دی، جس سے وہاں موجود سرکاری ریکارڈ، فرنیچر اور سرکاری گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔
حکام کے مطابق حملہ آور پولیس تھانے سے ایک ایمبولینس بھی اپنے ساتھ لے گئے جبکہ مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی اور شناختی جانچ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔ سرکاری سطح پر تاحال واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔