ایران اپنے دفاع کے لیے تیار ہے ، عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک بات چیت
عباس عراقچی نے ترکی اور عمان میں اپنے ہم منصبوں سے بات چیت کی ۔
فائل فوٹو
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بات چیت میں حالیہ امریکی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دونوں ملکوں کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں عباس عراقچی نے امریکی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم اور ارادے پر زور دیا۔
دوسری جانب عباس عراقچی نے ترکی اور عمان میں اپنے ہم منصبوں سے بات چیت کی، جس میں تمام فریقوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے سفارت کاری پر زور دیا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ترکی اور عمان کے وزرائے خارجہ نے علاقائی مسائل کے حل اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے ’مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔