اراکینِ کی تنخواہوں میں اضافے، بلیو پاسپورٹ کیلیے بل سینیٹ کمیٹی سے منظور
سابق رکنِ پارلیمنٹ کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر کے زیر کفالت بچے بھی مفت بلو پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: اراکینِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بل سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، بل سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو مفت آفیشل (بلو) پاس پورٹ کا حق دار بنایا جائے گا، سابق رکنِ پارلیمنٹ کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر کے زیر کفالت بچے بھی مفت بلو پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے، ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز (BPS-22) اور ان کی فیملیز کو یہ سہولت پہلے سے حاصل ہے، سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز کے مساوی لایا جائے۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے تفصیلی غور اور جائزے کے بعد بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو اب حتمی قانون سازی اور ووٹنگ کے لیے سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔