ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی،اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے

July 11, 2026 · ماحولیاتی تغیر

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی شدید بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع اور سندھ کے علاقے تھرپارکر میں بھی کہیں کہیں بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ہری پور، خانپور اور غازی سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ بعض نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ متعدد رابطہ سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بارش کے باعث خانپور کے قریب ترناوہ پل کے اطراف بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔